دھرم شالا(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ2023 کے اکیسویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کوجیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اتوار کو بھارتی شہر دھرم شالا میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ باؤلنگ کے لیے سازگار وکٹ پر بھارتی باؤلرز نے ابتدائی اوورز میں نپی تلی باؤلنگ کی اور اس کا صلہ انہیں چوتھے ہی اوور میں اس وقت ملا جب سراج نے ان فارم ڈیون کونوے کو چلتا کردیا۔
اسکور ابھی 19 تک پہنچا ہی تھا کہ روہت شرما باؤلنگ میں پہلی تبدیلی کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے محمد شامی کو لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنی پہلی ہی گیند پر وِل ینگ کو چلتا کردیا۔ 19رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد رچن رویندرا کا ساتھ دینے ڈیرل مچل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے شاندار شراکت قائم کی۔
ونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 159 رنز جوڑے بالخصوص اب تک خطرناک ثابت ہونے ولے کلدیپ یادیو کی زبردست درگت بنائی اور ان کے ابتدائی پانچ اوورز میں 48 رنز بنائے۔ اس شراکت کا خاتمہ بھی محمد شامی نے کیا اور ایک چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنانے والے رویندرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ لیتھم پانچ رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادیو کی وکٹ بن گئے۔
دوسرے اینڈ سے ڈیرل مچل ڈٹے رہے اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے گلین فلپس کے ہمراہ اسکور کو 243 تک پہنچا دیا۔ ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 300 سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن اختتامی اوورز میں بھارتی باؤلرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو رنز بنانے سے باز رکھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور آخری 8 وکٹیں اسکور میں 100 رنز کا اضافہ بھی نہ کر سکیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ڈھیر کرنے کا سہرا محمد شامی کے سر رہا جنہوں نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔
ڈیرل مچل نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک میگا ایونٹ میں کوئی میچ نہیں ہاریں لیکن بہتر رن ریٹ کی بدولت کیوی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، گزشتہ ورلڈ کپ کی رنرز اپ ٹیم نے اپنے آخری میچ میں افغان ٹیم کو 149 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ورلڈ ٹورنامنٹ میں لگاتار چوتھی کامیابی حاصل تھی۔ اس سے قبل اس نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے میچ میں اس نے نیدرلینڈز کے خلاف باآسانی 99 رنز سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں اس نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔
دوسری جانب میزبان بھارتی ٹیم بھی ایونٹ میں ناقابل شکست ہے، اس نے اپنے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی، تیسرے میچ میں پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی، دوسرے میچ میں افغانستان اور پہلے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔