احمد آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت عبرتناک شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے اورچھٹی مرتبہ چیمپئن بن گیا ہے ورلڈ کپ کے دوران ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا نے شکست کامزا چکھا دیا آسٹریلیا نے گھر میں گھس کر گھر کے شیروں کی درگت بنا ڈالی بھارت کا نہ کو ئی بیٹر چلا نہ باؤلرکام دکھا پایا آسٹریلیا نے بھارت کا 241 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر انتہائی آسانی کے ساتھ حاصل کر لیا۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میںہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، کینگروز کے 47 کے مجموعی سکور پر 3 اہم کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشیانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے بالکل قریب کر دیا۔ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی، مارنوس لیبوشیانے ناقابل شکست 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارتی اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑے نہ رہ سکے، بھارتی کپتان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔شریاس ایر کریز پر آئے تو وہ بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 54 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔بھارتی ٹیم کو چھٹا نقصان رویندرا جڈیجا کی صورت برداشت کرنا پڑا جو محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے محتاظ انداز بیٹنگ اپناتے ہوئے مشکل وقت میں ففٹی سکور کی اور 107 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کے ایل راہول بھارت کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو نے 18، کلدیپ یادیو نے 10 اور محمد شامی نے 6 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسپریت بمراہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔
دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، بڑا ٹوٹل دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی