غزہ(ویب ڈیسک)اسرائیلی فوج نے غزہ میں الاہلی عرب ہسپتال پر حملہ کردیا جبکہ ہسپتال الشفا میں کارروائی کے دوران میڈیکل ڈپارٹمنٹ تباہ کردیا ادھراسرائیل نےشہریوں کو خان یونس کے مشرقی کنارے پر واقع بانی شوہیلہ، خُزہ، اباسان اور قرارہ کے علاقوں کو خالی کرنے کےلیے کہا ہے
فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ذریعے غزہ پٹی میں الاہلی عرب ہسپتال پر حملہ کردیا ہے اور اس کارروائی جاری ہے۔ہلال احمر نے بیان میں کہا کہ ان کی ٹیمیں جائے وقوع تک پہنچنے اور زخمیوں کو طبی امداد دینے سے قاصر ہیں
دریں اثنافلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا میں کارروائی کے دوران میڈیکل ڈپارٹمنٹ تباہ کردیا اور دیگر دو شعبوں کو نقصان پہنچایا۔غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ایک ایسے ہسپتال میں کارروائی کی جہاں ہزاروں مریض، طبی عملہ اور بے گھر ہونے والے فلسطینی موجود تھے۔
وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرا نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے کل الشفا ہسپتال میں ریڈیالوجی سروس تباہ کردی اور ڈائیلاسز اور برنز ڈپارٹمنٹ پر بم حملہ کیا۔
اسرائیل نے شہریوں کو غزہ کی پٹی پر واقع چار علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا ہے اور اسرائیل کی کارروائیوں کے بعد اس تنازع کے شدت اختیار کرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارےکے مطابق اسرائیل کی جانب سے رات گئے طیاروں سے پمفلٹ گرائے گئے جس میں شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ خان یونس کے مشرقی کنارے پر واقع بانی شوہیلہ، خُزہ، اباسان اور قرارہ کے علاقوں کو خالی کردیں۔
امن کے دنوں میں ان چاروں میں علاقوں میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد لوگ رہائش پذیر تھے لیکن اب بھی وہاں ہزاروں کی تعداد میں باشندے موجود ہیں جو حالات کے پیش نظر وقتاً فوقتاً وہاں سے نقل مکانی کررہے ہیں۔
رہائشیوں نے بتایا کہ اس پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد گروپ حماس کی کارروائیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ دفاعی فورسز ان کے خلاف ان علاقوں میں کارروائیاں کرے جہاں آپ کی رہائش گاہیں ہیں لہٰذا آپ اپنی رہائش گاہوں کو فوری طور پر خالی کر کے کسی محفوظ مقام پر چلے جائیں۔
