اسرائیل کی غزہ پر بمباری بچوں کا ہولوکا سٹ ہے،پیشہ ورفوج کبھی بچوں کو نشانہ نہیں بناتی،نگران وزیراعظم

اسلام آباد(نیوزٹویو) نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں۔ پیشہ ور فوج نہتے شہریوں اور بچوں کو کبھی نشانہ نہیں بناتی،بچوں کا یہ وحشیانہ اور ظالمانہ قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہئے، اس مسلسل جارحیت کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے۔قوام متحدہ انسانی حقوق کے معاملے پر اپنے مقاصد سے ہٹ رہی ہے سوموار کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد میں ’’زارا الرٹ ایپ‘‘ کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، تمام طبقات کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی بہتری کے لئے کام کریں، حکومت بھی بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں، زارا الرٹ ایپ کا اجراء بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے، اسرائیلی فوج غزہ میں نہتے بچوں کا قتل عام کررہی ہے، نہتے بچوں کا قتل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، اس ہولوکاسٹ کو فوری روکا جائے، غزہ میں ہونے والے اس ظلم کو مذہبی رنگ سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ زارا ایپ بچوں کے لاپتہ اور اغواء ہونے سے متعلق اطلاع دینے کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے، ایپ استعمال کرنے والے لوگ بچے کے لاپتہ ہونے کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ بچے کی تصویر اپ لوڈ اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کیلئے چوکس کرسکیں گے۔ایپ ملک بھر کے تمام تھانوں سے منسلک ہے اور اس کے ذریعے تحقیقاتی عمل اور تازہ معلومات پر پیشرفت کا بھی پتہ لگایا جاسکے گا۔
تقریب سے خطاب میں انسانی حقوق کے وزیر خلیل جارج نے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل اور اثاثہ ہیں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں