انتخابات2024،پاکستانی انڈسٹری کے اداکاروں نے ووٹ کاسٹ کر لیا

اسلام آباد(نیوزٹویو)ملک بھر میں آج عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے،اداکارہ حنا خواجہ بیات اور اداکار عثمان خالد بٹ اور حمزہ علی عباسی سمیت دیگر اداکاروں نے ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔
حنا خواجہ بیات نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللہ میں نے اپنا ووٹ ڈال دیا ہے، آپ بھی بغیر کوئی وقت ضائع کیے اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ ساتھ لے کر اپنے پولنگ اسٹیشن پر فوراً ووٹ کاسٹ کریں کیونکہ ہر جگہ کسی نہ کسی وجہ سے پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار کیا جارہا ہے تاکہ ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہو، آپ اپنا فرض ادا کریں باقی اللہ پر چھوڑ دیں۔
حنا بیات خان نے دعویٰ کیا کہ 8 بجے سے شہری لائن پر لگے ہوئے تھے لیکن ووٹنگ شروع نہیں ہورہی تھی، عملہ اور پریزائڈنگ افسر موجود تھے لیکن کچھ پولنگ ایجنٹس نہ ہونے کی وجہ سے ووٹنگ شروع نہیں کروا رہے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر پریزاڈنگ افسر سے بات کی اور یقینی بنایا کہ وہاں موجود لوگ ووٹ کاسٹ کرسکیں۔
اس کے علاوہ اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔


اداکار نے ایکس پر اپنی تصویر شئیر کی جس میں وہ ووٹ ڈالنے کے بعد انگوٹھے پر لگا نشان دکھا رہے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر ڈیجیٹل واچ اور موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے، اگر آپ نے 8300 پر بھیجی گئی تفصیلات پرنٹ نہیں کیں تو پولنگ اسٹیشن میں اندر جانے سے قبل اپنا بلاک کوڈ اور سیریل نمبر یاد رکھیں یا کسی جگہ پر لکھ لیں۔
اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔
اداکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد تصویر شئیر کردی۔


واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے، اس موقع پر نگران حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر موبائل سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان میں آج ہونے والے عام انتخابات 2024 میں ملک بھر سے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
مجموعی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر ملک بھر میں 17 ہزار 758 امیدوار میدان میں ہیں جن میں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل آج صبح 8 بجے سے بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں