رنگارنگ تقریب کے بعدٹی 20ورلڈ کپ شروع،پاپوا نیو گنی کا میزبان ٹیم کو جیت کےلیے130رنزکاہدف

مسقط( نیوزٹویو)عمان کے دارلحکومت مسقط میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ  ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز ہو گیا پہلا میچ میزبان ٹیم اور پاپوا نیو گنی کےدرمیان کھیلا جا رہا ہے کرکٹ شائقین کو ان مقابلوں کا انتظار تھا جو بالا خر ختم ہو گیا ہے اوران کا سٹیڈیم میں جوش وخروش دیدنی ہے۔ ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں میزبان عمان نے پاپوا نیو گنی کے خلاف ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس جیتنے پر اومان کے کپتان ذیشان مقصود کا کہنا تھا کہ پچ باؤلرز کیلئے سازگار ہے، سپنرز کیلئے مددگار ثابت ہو گی۔ پاپوا نیو گنی نے پہلے کھیلتے ہو ئے میزبان ٹیم کو 130 رنز کا ہدف دیا ہے جبکہ آج ہی امارات کے میدان میں کھیلے جانیوالے ایونٹ کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کا مقابلہ ہوگا۔ دبئی میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تما م کوویڈ ٹیسٹ منفی آگئے ہیں، کل ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ کھیلیں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا، پہلے مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

عمان کی ٹیم کامخالف کھلاڑی کو آوٹ کرنے پر خوشی کا اظہار

پہلے راؤنڈ کے گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان اومان شامل ہیں، دونوں گروپس سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

دوسری طرف دبئی پہنچنے کے بعد ہونے والی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آنے کے بعد قومی سکواڈ کے ارکان کو اکٹھے سرگرمیوں کی اجازت مل گئی۔قومی سکواڈ نے دبئی کے ہوٹل میں 2 گھنٹے سے زائد کا جم سیشن کیا۔کھلاڑیوں نے ریکوری کے لئے پول سیشن میں بھی حصہ لیا، ٹیم آج سے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی، کل پہلا وارم اپ میچ ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا دوسرا اور آخری وارم اپ میچ 20 اکتوبرکو جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گی جبکہ 24اکتوبر کو میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں