سابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ فرنٹ‌پرسن فرح‌گوگی کی کرپشن کی غضب کہانی

اسلام آباد(نیوزٹویو) پا کستان تحریک انصاف کےچئیرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ فرنٹ پرسن کے طورپر کام کرنے والی اوراہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کی پی ٹی آئی کے تین سالہ دور حکومت میں کی گئی کرپشن کی کہانی منظرعام پر آگئی ہے تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں فرح گوگی کے اثاثوں میں2017 سے 2020 تک 4520 ملین روپے کا حیرت انگیز اضافہ ہوا۔ فرح گوگی 2020 میں 950 ملین روپے کے اثاثوں کو خود تسلیم کرتی ہیں جبکہ اس کے علاوہ ان کے غیر ظاہری مگر ملکیتی اثاثے 3825 ملین روپے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق صرف 3 سالوں میں فرح گوگی کی ظاہری اثاثوں میں 420 فیصد،غیر ظاہری اثاثوں میں 15300 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اثاثے فرح گوگی کی ذاتی ملکیت ہیں، احسن جمیل گجر اور باقی رشتہ داروں اور حصہ داروں کے اثاثے اس کے علاوہ ہیں۔ ایس ای سی پی ریکارڈ کے مطابق فرح گوگی مختلف کمپنیوں میں حصے دار رہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دسمبر 2019 کو لندن میں پراپرٹی ٹائیکون سے آوٹ آف کورٹ معاہدہ ہوا، یوکے کی نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پاؤنڈز پی ٹی آئی کی حکومت کو واپس کیے اور فرح گوگی نے جولائی 2021 کو پراپرٹی ٹائیکون سے ہاؤسنگ اسکیم میں 240 کنال زمین اپنے نام کروائی۔ 240 کنال کی قیمتی زمین فرنٹ پرسن فرح گوگی کورشوت کے طور پر منتقل کی گئی۔ رشوت کے عوض پی ٹی آئی حکومت نے 460 بلین روپے ہرجانے کے کیس کی پیروی سے اجتناب کیا، چیئر مین پی ٹی آئی کی معاونت سے فرح گوگی نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا بھی بھر پور فائدہ اٹھایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں