صدرِ مملکت اور نگراں وزیرِ اعظم کا کشمیریوں  کے یومِ سیاہ پر پیغام جاری

اسلام آباد(نیوزٹویو)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو 76 سال مکمل ہونے پر  پیغام جاری کر دیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری عوام کے لیے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس دن اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے روگردانی کر کے کثیرالجہتی سفارت کاری کو نظر انداز کیا۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حقِ خودارادیت حاصل کرنے کے عزم کو کچلنے میں ناکام رہا ہے۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء سے ایک مذموم مہم کا آغاز کر رکھا ہے، کشمیریوں کو بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنے کی بھارتی سازش زوروں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات صرف یو این قراردادوں کے ہی نہیں بلکہ جنیوا کنونشن کے بھی خلاف ہیں۔

نگراں وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا ایسا خطہ ہے جہاں سب سے زیادہ قابض فوج تعینات ہے، کشمیری عوام کےحقیقی نمائندے برسوں سے پابندِ سلاسل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جبر کو چھپانے اور اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے میڈیا پر پابندیاں عائد ہیں، مشرقِ وسطیٰ اور مقبوضہ کشمیر کے تنازعات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے یہ بھی کہا ہے کہ عالمی برادری اب اپنی ذمے داری سے آنکھیں نہیں چرا سکتی۔

خیال رہے کہ تقسیمِ ہند کے وقت کشمیر کی مقامی قیادت نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا، تاہم 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے بغیر کسی آئینی اور اخلاقی جواز کے کشمیر پر قبضہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں