غزہ میں شہید افراد کی تعداد11ہزار سے تجاوز،القدس ہسپتال کے اطراف اسرائیلی فوج کی شدیدفائرنگ

غزہ(ویب ڈیسک) اسرائیل کےوحشیانہ حملوں میں غزہ پٹی میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہزار 240 ہوگئی ہے۔ محصور غزہ کی حکومت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں اب تک 4 ہزار 630 بچے اور 3 ہزار 130 خواتین بھی جاں بحق ہوگئی ہیں جبکہ فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ القدس ہسپتال کے اطراف میں اس وقت بھی شدید فائرنگ ہو رہی ہے جہاں اسرائیلی فوج کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔
ہلال احمر نے بتایا کہ ہمارا عملہ مریضوں اور زخمیوں کے ساتھ پھنسا ہوا ہے اور ہسپتال میں بجلی، پانی اور کھانا ختم ہوگیا ہےغزہ پٹی کے بڑے ہسپتالوں میں سہولیات ختم ہو رہی ہے جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے ہزاروں شہریوں نے پناہ لی ہوئی تھی اور مریض بھی دم توڑ رہے ہیں۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں شدت کے باعث ایندھن کی قلت کی وجہ سے تنازعات سے متاثرہ غزہ میں اس کی کارروائیاں دو دن کے اندر بند ہو جائیں گی۔
یو این آر ڈبلیو اے کے غزہ کے سربراہ تھامس وائٹ نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’غزہ میں انسانی بنیادوں پر جاری آپریشن اگلے 48 گھنٹوں میں رک جائے گا کیونکہ ایندھن کو کسی طور پر غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی

اسرائیل کے سینئر سفارت کار نے کہا ہے کہ غزہ میں حکمران حماس کے خلاف جنگ سے ہونے والے انسانی نقصان پر عالمی سطح پر دباؤ بڑھ رہا ہے لیکن توسیع کے لیے قانونی جواز ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کےمطابق انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دباؤ عروج تک پہنچنے تک ہمارے پاس دو یا 3 ہفتے ہیں لیکن وزارت خارجہ قانونی جواز پیدا کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے اور جنگ جب تک ضروری ہو جاری رہے گی۔
اسرائیلی فورسز نے کہا ہے کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر پر متعدد حملے کیے ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ حزب اللہ کے خلاف حملے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہوئے ہیں۔
امریکی سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں کہا کہ یہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جوابی کارروائی ہے اور تاثر دیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کم کردی جائے گی۔
اردن کے بادشاہ عبداللہ نے غزہ کے کسی بھی علاقے میں اسرائیلی قبضے یا علاقے میں سیکیورٹی زون بنانے کا منصوبہ مسترد کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں