اسرائیل کے وزیرثقافت کی ایٹم بم کی دھمکی ،پاکستان کا تشویش کااظہار

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستان نے اسرائیل کےوزیر ثقافت کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس حوالے سے خبردار کردیا ہے۔ ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہمیں اسرائیلی وزیر کے بیان پر تشویش ہے جس میں انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ نسل کشی اور فلسطینیوں کے خاتمے کے ارادے کا اظہار ہے، عالمی برادری کو یہ بیان سنجیدہ لینے کا وقت ہے کیونکہ اسرائیلی جارحیت نے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے حکمراں اتحاد کے قوم پرست سیاست دان امیچے ایلیاہو نے اسرائیل کے کول براما ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی انتقامی کارروائیوں پر مطمئن نہیں ہوں۔
انٹرویو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ غزہ پٹی پر سب کو مارنے کے لیے کسی قسم کے ایٹم بم گرانے کی حمایت کریں گے تو انہوں نے کہا تھا کہ ’یہ ایک آپشن ہے‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں