بلاول بھٹو کی اساتذہ پر پولیس تشدد کی مذمت،جامعات کے گرفتار افراد کی فوری رہا ئی کا مطالبہ،آزاد کشمیرانتخابات،جیالے بھرپورمہم چلا ئیں

اسلام آباد(نمائندہ نیوز ٹویو )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں اساتذہ پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کی جامعات اسٹاف کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنے والی حکومت معاشی ترقی کے دعوے بھی کر رہی ہے، معاشی شرح نمو میں یہ کیسا اضافہ ہے کہ کے پی کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بجٹ کی کٹوتی کی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کے پی کی جامعات کے پروفیسرز پانچ روز سے احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت کو اتنی بھی توفیق نہیں ہوئی کہ کم از کم ان کے مسائل ہی سن لیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سندھ میں صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن ہو سکتا ہے تو کے پی میں یہ ادارہ کیوں قائم نہیں ہو سکتا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت نے کے پی کی جامعات کو جتنا بجٹ دیا آج اس سے بھی بجٹ کم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب کے پی کی جامعات کا بجٹ کم کیا گیا ہے دوسری جانب جامعات کی فیس بڑھا کر طلبا پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کے پی کے معزز اساتذہ پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ ایک افسوسناک طرز عمل ہے۔انہوں نے مطالبہ کہ اپنے حقوق کے مطالبات کے دور کے پی کی پولیس کے ہاتھوں زخمی ہونے والے 15سے زیادہ اساتذہ کو علاج و معالجے کی سہولیات دی جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گریڈ 21 کے پی ایچ ڈی پروفیسرز سمیت 22اساتذہ کو ہتھکڑی لگا کر قید کر دینا کہاں کا انصاف ہے؟ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ کے پی کی پولیس صوبے کی جامعات کے گرفتار افراد کو فوری رہا کرے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پیر کے روز پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر اور آزاد جموںو کشمیر اسمبلی کے قائد حزب اختلاف چوہدری یاسین نے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کرکے وادی کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کو بریفنگ دی کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات موخر کرانا چاہتی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کو آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات لڑنے کے لئے امیدوار تک نہیں مل رہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر پاکستان پیپلزپارٹی کا مضبوط قلعہ ہے، پارٹی کے جیالے انتخابات کے لئے بھرپور مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ پیپلزپارٹی کے امیدوار آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخواہ کے صدر ہمایوں خان اور جنرل سیکریٹری شاذی خان زرداری ہاﺅس میں ملاقات کرکے تنظیمی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی عہدیداروں نے چیئرمین کو آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایات کی کہ وہ نظریے کے لئے قربانیاں دینے والے پارٹی کارکنوں سے رابطے میں رہیں اور بلدیاتی انتخابات کے لئے بھرپور تیاریاں کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ کے پی کے مسائل کے لئے آواز بلند کرکے عوام کی ترجمانی کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں