اسلام آباد(اصغر چوہدری) پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کو پارٹی میں کسی لیول پر بھی اہیمت دینے کو تیار نہیں ہے ۔بدھ کو وفاقی کابینہ کے ایک اہم رکن کے مطابق جہانگیر ترین کے جہاز پر چڑھنے والے اراکین پارلیمنٹ لینڈ کہاں کرینگے ؟جو گروپ تشکیل دیا گیا ہے اس کی لیڈرشپ کسی بھی عوامی عہدے کے لیئے نااہل قرار دی جا چکی ہے ایسے میں جہانگیر ترین گروپ کا مستقبل کیا ہوگا ؟
کابینہ اور پارٹی کا دو ٹوک موقف ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کسی صورت کسی سے بھی بلیک میل نہیں ہو نگے جبکہ اس ہم خیال گروپ میں جانے والے بہت جلد واپس آ جائینگے۔ذرائع کے مطابق اگلے ماہ قومی اسمبلی میں بجٹ منظوری کے حوالے سے وفاقی کابینہ اور پارٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیئے کوشاں ہے کہ بجٹ منظوری کے موقع پر جہانگیر خان ترین کے ساتھ جانے والے اراکین ووٹنگ میں یقینی طور پر حصہ لیں اور اگر انہوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے کی کوشش کی تو انہیں پارلیمنٹ سے نااہل قرار دلوانے کے لیئے الیکشن کمیشن سے رجوح کیا جائے گا ۔دوسری جانب پارٹی میں موجود سنیئر لیڈر شپ نے اراکین کے تحفظات دور کرنے اور دوریوں کو ختم کرنے کے لیئے بھی درپردہ کوششیں شروع کر دی ہیں