وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اہلِ فلسطین پر جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف ملک گیر سطح پر بڑے عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے قبلہ اول مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر تشدد، غزہ میں بدترین بمباری کے ذریعے عورتوں اور بچوں سمیت معصوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منعقدہ اجتماعات کے شرکاء نے اہلِ فلسطین پر اسرائیلی جبر و ستم، ارضِ فلسطین پر غیر قانونی یہودی بستیوں کے قیام اور اہلِ غزہ کے قتل عام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کردار پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کو جھنجھوڑنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اپیل اور چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف نے ضلع کی سطح پر قائم پریس کلبز کے سامنے عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا جن سے پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مخاطب ہوئے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام ریجنز کے زیراہتمام ریجنل اور ضلعی سطح پر مظلوم اہلِ فلسطین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریجنل صدر فرید رحمان، شمالی پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے راولپنڈی اور سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز احمد چودھری نے لاہور میں بڑے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی جبکہ دیگر ریجنز نے قائدین نے اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو اہلِ فلسطین کی حمایت میں متحرک کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اہلِ کشمیر پر بھارتی جبر و ستم کے بعد اہلِ فلسطین پر جاری اسرائیلی ظلم و بربریت اقوام متحدہ اور عالمی برادی کی ناکامی و بے عملی کی زندہ مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جارح اور قابض ریاستوں کو مقبوضہ علاقوں میں ننگی جارحیت کی اجازت عالمی سیاسی نظام کے اخلاقی دیوالیہ پن اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کیساتھ بین الاقوامی قانون کے غیر مؤثر ہونے کی علامتیں ہیں۔ انہوں نے کہا معصوم فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والی بدمعاش اسرائیلی ریاست کسی قانونی و انسانی ضابطے کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں جبکہ امریکہ سمیت کئی مغربی حکومتیں اس فتنہ پرور ریاست کی راہ روکنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ پاکستان مظلوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اہلِ فلسطین کی امنگوں کے مطابق ان کے حقوق اور مستقبل کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں۔
تحریک انصاف کی جانب سے منعقدہ ان اجتماعات میں قبلہ اول کے دفاع اور اپنی آزادی و سرزمین کے تحفظ کیلئے اہلِ فلسطین کی جانب سے پیش کی گئی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا اور مسلم حکمرانوں سے باہمی اختلافات سے بلند ہوتے ہوئے مفادِ امت کی خاطر متحد ہونے اور اہلِ کشمیر و فلسطین کے حقوق کیلئے مشترکہ و معنی خیز حکمت عملی اپنانے کی اپیل کی۔ اجتماعات کے شرکاء نے کشمیر و فلسطین کی آزادی اور اسلام اور اہلِ اسلام کی سلامتی کیلئے دعائیں بھی کیں