اسلام آباد (نیوزڈیسک )سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بطور ممبر صوبائی اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے وہ 2018کے الیکشن میں ممبر صوبا ئی اسمبلی منتخب ہو ئے تھےانہوں نے دو سال دس ماہ بعد بطور رکن پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھا یا ہے۔ بدھ کو قائم مقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے ان سے حلف لیا۔چودھری نثار علی خان حکومتی لا بی سے گزر کر ایوان میں گئے۔یہاں و اضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے لئے ایوان میں جانے کے لئے الگ الگ لابی مختص ہے۔ چودھری نثار علی خان سپیکر چیمبر سے نکل کر حکومتی لابی سے ایوان کے اندر گئے۔حلف اٹھانے کے بعد میڈیا نمائندوں نے چودھری نثار علی خان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن شدید دھکم پیل اور بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے وہ پنجاب اسمبلی سے روانہ ہو گئے۔ دوسری جانب وزیر قانون راجہ بشارت کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کا فون آنے کےبعد حلف سے روکنے کی بات میں کوئی سچائی نہیں، چودھری نثار کے سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن اسمبلی کا اپنا قانون ہے۔ پرسوں کسی نے فون کرکے نہیں کہا تھا کہ چودھری نثار کا حلف نہ لیں۔
