اسلام آباد ۔ (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مستقبل میں وہی ممالک ترقی کریں گے جن کے نوجوان ملازمت سے زیادہ کاروبار پر توجہ دیں گے، ہمیں اپنے اداروں کو ترقی کرتی ہوئی دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، کامیاب جوان پروگرام پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس پروگرام کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہوگی، موجودہ دور میں ہنر کی اہمیت اور قدر پہلے سے کہیں زیادہ ہے، ہنر کے استعمال سے ترقی کی جا سکتی ہے، پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے ہنر کا فروغ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں بحریہ یونیورسٹی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کامیاب جوان پروگرام کے شرکاءکو کورس مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان میں بھی ٹیکنالوجی سے تبدیلی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی کی عمریں 30 سال سے کم ہیں، فیس بک، گوگل، پے پال، ٹویٹر کو چلانے والے لوگ بھی نوجوانوں تھے، انہوں نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔ ہم نے پاکستان اور اپنی زندگیوں کو تبدیل کرنا ہے تو ہنر لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیل شدہ دنیا میں ہنر کی اہمیت پہلے سے زیادہ ہے، آج سے کچھ عرصہ قبل یہ رواج تھا کہ ڈگری حاصل کر کے ملازمت اختیار کی جاتی تھی لیکن اب ملازمت کی جگہ کاروبار کا تصور بڑھ رہا ہے، وہ ممالک ہمیشہ کامیاب ہوں گے جو کاروباری افراد پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہنر کے استعمال سے اپنے آپ اور دنیا کو بدل سکتے ہیں۔ اس کے لئے ہمیں ترقی پسند سوچ اپنانا ہوگی جو بدلتی دنیا سے مطابقت رکھتی ہو۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کون سے شعبوں میں زیادہ امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 60 سے 70ءکی دہائی کے لوگوں نے زندگیوں میں بڑی تبدیلیاں دیکھیں، کمیونیکیشن کا دور بڑھ رہا ہے، کئی چیزوں کی جگہ اب ڈیجیٹل نے لے لی ہے، فیکس، کیسٹس اور ٹیلکس ختم ہو گئے ہیں، واٹس ایپ آنے سے ای میل بھی ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی معلومات کو بڑھانا چاہئے، دنیا سے آگاہی حاصل کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کو تبدیل شدہ دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہوگا تاکہ ہم عملی دنیا میں آگے بڑھ سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے، کسان، لائیو اسٹاک اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد اس پروگرام سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے ہم نئی جہتیں لا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں دلائل کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہئے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ علم، دلیل اور منطق کی بنیاد پر سوچ سمجھ کر آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور وائس چانسلر بحریہ یونیورسٹی مبارکباد کے مستحق ہیں، یہ ایک گیم چینجر پروگرام ہے، اس پروگرام کی کامیابی پاکستان اور ہمارے نوجوانوں کی کامیابی ہے۔
