آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے

مظفرآباد (نیوز ڈیسک) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11 ویں عام  انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے ۔آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے 33 ، مہاجرین جموں کشمیرکے 12 حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور اس الیکشن میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں 28 لاکھ 17 ہزار 90  ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347  اور خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 747 ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ 21 جون تک کاغذات نامزدگی داخل کرائے جا سکیں گے  اور 22 جون تک کاغذات کی جانچ کی جائے گی جب کہ  اسی روز فہرست جاری ہو گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق 28 اور 29 جون تک اعتراضات داخل کرائے جاسکیں گے اور 30 جون تک اپیلیں کی جاسکیں گی جبکہ 2 جولائی تک کاغذات نامزدگی کی واپسی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں