لاہور(نیوز ڈیسک) اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ان کی جائیداد پر قبضہ ناکام بنا دیا گیا ہے لیکن ابھی تک انہیں اور ان کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے اپنے بھائی، والدہ اور وکیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جائیداد پر مبینہ قبضے کے پانچ ملزمان گرفتار ہیں لیکن مرکزی ملزم میاں شاہد تاحال فرار ہے۔ میرا نے وزیراعظم عمران خان سے فوری نوٹس لینے اور ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست بھی کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا کی والدہ شفقت زہرہ نے انکشاف کیا کہ سیاسی رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم نے 15 سال پہلے میاں شاہد سے ان کی ملاقات کروائی تھی جس کے بعد وہ وہ ان کا بیٹا بنا رہا۔ دوسری جانب مرکزی ملزم میاں شاہد محمود نے اپنے خلاف مقدمات درج ہونے کے بعد ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے میرا پر فراڈ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ ملزم نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ اوورسیز پاکستانی ہے۔ میاں شاہد محمود کا کہنا تھا کہ میں برطانوی شہری ہوں اور میں نے میرا کی والدہ شفقت زہرہ سے 10 کروڑ روپے میں پراپرٹی خریدی، 9 کروڑ ادا کرکے قبضہ بھی حاصل کرلیا۔ ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں رجسٹری کا مطالبہ کرنے پر قبضہ گروپ مشہور کیا گیا لیکن ادائیگی کی رسیدیں اور پراپرٹی کے کاغذات ان کے پاس ہی موجود ہیں۔
