اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تاجر برادری کیلئے کرونا ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح،

اسلام آباد (نمائندہ نیوزٹویو) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے تاجروصنعتکار برادری، ان کے اہل خانہ اور ملازمین کی ویکسی نیشن کیلئے این سی او سی اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے تعاون سے اپنی بلڈنگ میں ایک ویکسی نیشن سنٹر قائم کیا ہے۔ آئی سی سی آئی ملک کا پہلا چیمبرہے جس نے حکومت کی ویکسی نیشن مہم کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی بلڈنگ میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کیا ہے جس میں پیر اور منگل کے روز صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جا رہی ہے۔ حمزہ شفقات، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے آئی سی سی آئی میں ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے حمزہ شفقت، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تاجر برادری کی سہولت کے لئے ویکسی نیشن سنٹر کھولنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کو مبارکباد پیش کی اور اس سلسلے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کو معمول کے مطابق بحال کرنے کیلئے اسلام آباد کے تمام شہری زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں روزانہ20سے25ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر میں قائم  ویکسی نیشن سنٹر اس ہدف کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگا کیوں کہ اس میں بڑی تعداد میں لوگوں کو ویکسین لگانے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی، ان کے اہل خانہ اور ملازمین ا پنی ویکسی نیشن کے لئے آئی سی سی آئی میں موجود اس شاندار سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں تا کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پا کر تمام کاروباری سرگرمیوں کو معمول کے مطابق بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے ویکسی نیشن سنٹر کے قیام میں آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرنے پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا کیونکہ یہ سنٹر وفاقی دارالحکومت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیمبر میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کرنے کا مقصد حکومت کی ویکسی نیشن مہم کو آگے بڑھانا ہے کیونکہ ویکسی نیشن ہی پاکستان کیلئے کرونا سے باہر نکلنے اور کاروباری سرگرمیوں کو مکمل طور پر کرنے کا واحد بہتر حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور کاروبار پر تمام پابندیاں ختم کرنے کے لئے این سی او سی کے ساتھ سرگرم عمل رہا ہے۔ انہوں نے چیمبر میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کرنے کیلئے این سی او سی اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تاجر برادری پر بھی زور دیا کہ وہ حکومت کی ویکسی نیشن مہم میں بھرپور شرکت کریں تا کہ کروناوائرس سے چھٹکارا حاصل کر کے کاروبار ی سرگرمیوں کو پوری طرح بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے ای میل اور موبائل فون کے پیغامات کے ذریعے اپنے ممبروں کو پہلے ہی ویکسی نیشن سنٹر کی سہولت کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے لہذا وہ اپنی، اہل خانہ اور ملازمین کی ویکسی نیشن کیلئے اس سہولت پوری طرح فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر وہ کاروبار سمیت دیگر سرگرمیوں کو معمول کے مطابق لانا چاہتے ہیں تو سب ترجیحی بنیادوں پر اپنی ویکسی نیشن کروائیں۔آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران جاوید اقبال، عمر حسین، محمد شاکر، عثمان خالد، فاد وحیداور اویس خٹک کے علاوہ خالد چوہدری سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، راجہ عبد المجید، طہماس بٹ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں