اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ 6 (پی ایس ایل) کے18 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نےکولن منرو کی شاندار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ابو ظبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 133 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز جیک ویدرالڈ 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ اعظم خان 26 ، عثمان خان 14 اور آندرے رسل نے 13 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی ، محمد وسیم جونیئراور محمد موسیٰ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ  عاکف جاوید اورشاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز عثمان خواجہ اور کولن منرو نے ابتداء ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور مخالف ٹیم کے بولرز پر حاوی ہوگئے۔ رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 10 اوورز میں 137 رنز کے ساتھ حاصل کر لیا۔ کولن منرو نے 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے جبکہ عثمان خواجہ بھی 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں