پاک فضا ئیہ کے سربراہ کی ترکی کی سنئیر فوجی قیادت سے ملاقات

اسلام  آباد (نیوز ڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکی کے 04 روزہ سرکاری دورے کے دوران ترکی کی سینئر فوجی قیادت سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نے ترکی کے وزیر قومی دفاع جناب ہولوسی ایکار اور ترکی کے  چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران  پاک ترک دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تجربات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے طرفین کی حربی استعداد بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈر ترک ایئر فورس جنرل حسن کوکاکیز سے بھی ملاقات کی۔ معزز سربراہان نے دونوں ممالک کی فضائیہ کو عصر حاضر کے در پیش چیلنجز سے نبرد آزماء ہونے کے لیے ایک دوسرے کی مہارتوں سے استفادہ حاصل کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا. ملاقات میں پی اے ایف اور ترک فضائیہ کے درمیان ہوابازوں کی تربیت اور تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ترک آرمڈ فورسز کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کو کاکیز نے تمغہ پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں