ایف بی آر نےتخمینہ شدہ ٹیکس ادائیگی کے بعد اپیل دائر کرنے کے حق سے متعلق کسی بھی نئی تجویز کا اضافہ نہیں کیا

اسلام آباد (نمائندہ نیوزٹو یو)فیڈرل بور ڈ آف ریونیونے اپیل دائر کرنے کے حوالے سے چھپنے والی خبر پر وضاحت جاری کی ہے۔ اخباری خبر میں غلط معلومات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے فنانس بل 2021 میں تجویز کیا ہے کہ پہلی اپیل دائر کرنے کے لئے ٹوٹل ٹیکس تخمینہ ادا کرنا ضروری ہے۔ اس حوالے سے ایف بی آر نے موجودہ نافذالعمل قانون کی وضاحت جاری کی ہے تا کہ کسی قسم کا تذبذب نہ رہے۔ ایف بی آر نے کہا کہ ٹیکس گزار اپنی ہی دی گئی معلومات کی بناء پر سالانہ ٹیکس گوشوارے داخل کرتے وقت واجب الادا ٹیکس ادا کرتا ہے اور واجب الادا ٹیکس ادائیگی کے بعد اپیل دائر کرنے کا حق رکھتا ہے ۔ قانون میں اس کا حوالہ شروع سے ہی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جار ہی۔ایف بی آر نے فنانس بل 2021 میں ٹوٹل تخمینہ شدہ ٹیکس ادائیگی کے بعد اپیل دائر کرنے کے حق سے متعلق کسی بھی نئی تجویز کا اضافہ نہیں کیا۔ ایف بی آر نے وضاحت میں کہا ہے کہ اس حوالے سے فنانس بل 2021 میں صرف سیکشن 127 کے سب سیکشن 4 کے کلازز کو ٹھیک نمبر دینے کے لئے تبدیلی کی گئی ہے۔اس حوالے سے ایف بی آر نے وضاحت کو ایک مثال کے ذریعے سمجھاتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ٹیکس گزار 5 لاکھ روپے آمدنی ظاہر کر کے ٹیکس گوشوارہ داخل کرتا ہے اور اس کے ذمہ واجب الادا ٹیکس 5 ہزار روپے بنتا ہے تو وہ یہ 5 ہزار روپے ٹیکس گوشوارہ داخل کرتے وقت ادا کرے گا۔ اگر وہ یہ واجب الادا 5 ہزار روپے ٹیکس ادا نہیں کرتا اور اس کے ٹیکس تخمینہ میں تبدیلی آ جاتی ہے اور اس کا ٹیکس تخمینہ 10 ہزار روپے بنتا ہے تو قانون کے مطابق اس کو 5 ہزار روپے ہی ٹیکس ادا کرنے کے بعد اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہو جائے گا۔ قانون میں یہ شق انکم ٹیکس آرڈینینس 2001 میں ابتداء سے ہی شامل ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں