اسلام آباد (نما ئندہ نیوز ٹویو)پاکستان میں رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ دیگر ایسوسی اینشنز نے بحریہ ٹاؤن کراچی اور ریئل اسٹیٹ دفاتر پر قوم پرست جماعتوں کے حملے اور توڑپھوڑ اور لُوٹ مار کی شدید مذمت کی ہے۔اورحکومت سے حملے اور توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے بحریہ ٹاؤن کے سینیئر ریئلٹر جناب یاسین منہاس نے اسلام آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اسلام آباد راولپنڈی کی تمام ایسوسی ایشنز نے بھر پور شرکت کی۔
اس موقع پر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان کے صدر سردار طاہر ، چیئرمین اعجاز خان نجیب گل ، چوہدری زاہد رفیق ، ملک احسن ، رانا اکرام اور بحریہ ٹاؤن راولپنڈی اسلام آباد سے یاسین منہاس ، شیخ فواد ، تنویر مغل ، وسیم کیانی ، ناظم خادم ، چوہدری مشتاق ،خرم لطیف ، ماجد کیانی اور دیگر عہدیداروں نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر پاکستان کی معیشت کی بہتری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہاہے اور ملکی معیشت میں رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کا انتہائی اہم اور مثبت کردار ہے۔
انہوں نے کہا اس شعبے سے بلواسطہ اور بلا واسطہ لاکھوں نہیں کروڑوں لوگوں کاروزگار وابستہ ہے اور بحریہ ٹاؤن کراچی میں بھی ہزاروں افراد کا روزگار لگا ہوا ہے قوم پرست جماعتوں کی جانب سے 6 جون کو بحریہ ٹاؤن پر ہونے والے حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔بحریہ ٹاؤن کراچی کی ساکھ کو منظم سازش، اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے
انہوں نے کہا چند انتشار پسند عناصر ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل کر ملکی مفاد کو نقصان پہنچارہے ہیں۔رئیل اسٹیٹ کی کمیونٹی ملک کی پرامن کمیونٹی ہے جو پاکستان کی تعمیروترقی میں بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے اور کیفرکردار تک پہنچائے۔