بیٹنگ کوچ یونس خان نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

پی سی بی کی جانب سے یونس خان کی بورڈ سے علیحدگی کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ یونس خان جیسی قد آور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے۔ فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ امید ہے کہ وہ اپنے تجربے اور قابلیت سےمستقبل میں بھی دستیاب ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔  اپنے عہدے سے علیحدگی کے بعد اب دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔ اس دورے میں 3 ون ڈے اور 3  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ قومی ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں اسے 24 اگست تک 5 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں