اسلام آباد (نمائندہ نیوزٹو)پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، موجودہ حکومت نے پہلی بار خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں ”LawyHer.pk“ ویب پورٹل/موبائل ایپ اور بیس لائن سٹڈی کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ آج کا دن وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور ان کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے متعارف کروائے گئے اس نئے اقدام سے تحریک انصاف نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ملیکہ بخاری نے مزید کہا کہ بحیثیت پاکستانی ،بطور بیرسٹر، سیاستدان اور خاتون ہونے کے ناطے انہیں پاکستان کی سول سوسائٹی، ویمن ان لاءانشی ایٹو (ڈبلیو آئی ایل) نیٹ ورک اور گروپ ڈویلپمنٹ پاکستان کے درمیان باہمی اشتراک کرنے پر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے آسٹریلوی ہائی کمیشن کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن جوآنے فریڈرکسن (Joanne Frederiksen) اور برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹکل قونصلر آئیونا تھامس(Iona Thomas) کا تقریب میں شرکت پر پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ ملیکہ بخاری نے جسٹس (ر) ناصر اقبال کی طرف سے ”LawyHer.pk“ ویب پورٹل/موبائل ایپ اور بیس لائن سٹڈی کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر بھی انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جدید سہولیات سے مزین یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم وکلاءبرادری کو خواتین کے لئے بروقت آگاہی، متعلقہ معلومات ، مواقع تک آسان رسائی اور باہمی اشتراک کے ذریعے فعال ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم قانونی پیشہ سے وابستہ خواتین کو محفوظ مباحثے کا فورم بھی فراہم کرے گا ، اس کے ساتھ ساتھ قوانین سے متعلق ڈائریکٹری قانونی امداد تک رسائی کو فروغ دینے ،قوانین اور پالیسیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اور وزارت قانون وانصاف جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے صنفی امتیاز کے خاتمے اور بچوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ، حکومتی اقدامات کا بنیادی مقصد زندگی کے تمام شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ بلاخوف و خطر اور عزت واحترام کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں اور قائداعظم محمد علی جناح کا وژن اور آئین پاکستان بھی اسی بات پر زور دیتا ہے۔ملیکہ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خواتین اور بچوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومتی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے، خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی گئی جبکہ عصمت دری جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے قومی اسمبلی سے بل منظور کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے مزید کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ملیکہ بخاری نے کہا کہ وہ ان تمام مردوخواتین کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے حکومتی کاوشوں میں ان کا ساتھ دیا اور دیرینہ خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں قدم بہ قدم ان کا ساتھ دیا
