لاہور (نیوزڈیسک) لاہور کی سیشن عدالت نے ریاست کے مخالف بیان دینے کے مقدمہ میں جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر کارروائی کل تک ملتوی کر دی اور وکیل کو طلب کر لیا۔ پیر 7جون کو ایڈیشنل سیشن جج حفیظ الرحمان نے ن لیگ کے ایم این اے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت میں مدعی کے وکیل نے نیا وکالت نامہ جمع کروایا اور دلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے مدعی کے وکیل کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔ عدالت نے مدعی کے وکیل کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ جاوید لطیف نے درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا ہے کہ پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے لہذا عدالت ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔ جاوید لطیف کے خلاف تھانہ ٹاؤن شپ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
