راولپنڈی (نمائندہ نیوز ٹو یو) چیمبر آف کامرس راولپنڈی کے سابق صدر و سابق ضلعی ناظم راولپنڈی طارق کیانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے متوازن بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے باعث عام آدمی کو روزگارکا موقع ملے گا۔ زرعی آلات دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس سے زمیندار کی حوصلہ افزائی ہو گی اور حکومت کا یہ اقدام زرعی پیدوار بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ 850 سی سی کی گاڑیوں پر یکسائز ڈیوٹی کی کمی کی بجائے 1300 سی سی تک کی گاڑیوں پر رعائیت دینی چاہئے تھی علاوہ ازیں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے حکومت پروگرام لے کر آئی ہے جبکہ گھر بنانے کے لئے آسان قرضوں سے براہ راست فائدہ عام آدمی کو ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار طارق کیانی نے نیوز ٹو یو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے حکومت کی جانب سے بجٹ مختص کیا گیا ہے، ترقیاتی کاموں کے باعث روزگار کے موقعے بڑھیں گے اور ملک سے بے روزگاری ختم ہو گی۔ ان کا کہناتھا کہ حکومت نے زمینداروں کو زرعی آلات دینے کا اعلان کیا جو زمینداروں کی حوصلہ افزائی اور زرعی پیداوار بڑھانے میں کارگر ثابت ہو گا۔ طارق کیانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 850 سی سی کی گاڑیوں تک ٹیکس میں کمی کی گئی ہے جبکہ زیادہ تر عوام 1300 سی سی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں حکومت کو چاہئے تھا کہ 1300 سی سی تک کی گاڑیوں پر ڈیوٹی میں کمی کرتی علاوہ ازیں پینشنرز کے لئے 10 فی صد پنشن میں اضافہ کیا گیا جو موجودہ حالات کے تناظر میں ناکافی ہے پنشن میں 20 فی صد اضافہ کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔ طارق کیانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے لئے اعلان کیا گیا تھا کہ انکم ٹیکس کے لئے ایف بی آر کو اس کی روح کے مطابق بحال کیا جائے گا اور کسی بزنس مین کو بلاوجہ تنگ نہیں کیا جائے، موجودہ بجٹ میں حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے لئے انکم ٹیکس کی روح کو بحال کیا گیا ہے اب بزنس کمیونٹی کو چاہئے کہ قانون کے مطابق اپنے گوشوارے بھی جمع کرائیں اور ٹیکس بھی دیں۔ عام آدمی کے حوالے سے طارق کیانی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے حکومت کی جانب سے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ملک کے نوجوان کو ہنر مند بنائیں گے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور روزگار بھی آسان ہو گا علاوہ ازیں گھر بنانے کے لئے آسان قرضے دیئے جائیں گے جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو ہو گا تاہم مجموعی طور پر وفاقی حکومت نے مالی سال 2021-22 کا متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔
