لاہور: معروف اداکار رفیع خاور عرف ننھا کو اپنے مداحوں سے بچھڑے35 برس بیت گئے۔ اپنے لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر راج کرنے والے ننھا کے گول مٹول چہرے پر معصومیت کھیلا کرتی تھی۔ وہ پردہ اسکرین پر آتے تو دیکھنے والے ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔ کامیڈی کے بے تاج بادشاہ ننھا آج ہم میں تو موجود نہیں مگران کا مزاح آج بھی زندہ ہے۔ اداکار ننھا کا اصل نام رفیع خاور تھا اور وہ 1942 میں ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ ان کی شہرت کا آغاز ڈراما سیریز ‘الف نون’ سے ہوا۔ فلمی کیریئر کا آغاز 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘وطن کا سپاہی’ سے کیا لیکن ‘دبئی چلو’ کی کامیابی نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ 35 سال گزر جانے کے باوجود لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والا یہ ہر دلعزیزکامیڈی کنگ 2جون 1986ءکو اپنے لاکھوں پرستاروں کوسوگوار چھوڑ گیا اور ان کے پرستار 35 سال گزر کے باوجود انہیں بھلا نہ سکے۔
