عالمی برداری،اقوام متحدہ،انسانی حقوق کونسل کشمیریوں پربھارتی مظالم کانوٹس لے،جموں وکشمیرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

سری نگر(نیوزٹویو)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کے قتل ، جبری گرفتاریوں اور ان پر ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی ہے کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری طاقت کے وحشیانہ استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے فورسز اہلکاروں کی طرف سے نوجوانوں کے قتل کی کارروائیوں کو کشمیریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا دانستہ اقدام قراردیتے ہوئے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ ترجمان نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو کمزو ر کرنے کیلئے ظلم و تشدد کی کارروائیوں میں اضافے کو ایک جنگی ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل کو کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور جارحیت کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کشمیری شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں