فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

اسلام آباد:( نیوز ڈیسک) تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دونوں ہیڈ کانسٹیبل سید بشیر شاہ اور اشتیاق کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈکواٹرز میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان، ڈی جی رینجرز،ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر سمیت سینئر افسران پولیس ملازمین، تاجربرادری،سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہیدوں کے جسد خاکی کو ائی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز نے کندھا بھی دیا۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل سید بشیر شاہ کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤں ملکیال ہری پور روانہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤں دھریزی ضلع سرگودھا رونہ کر دیا گیا ہے۔ ائی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہیدوں نے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر و جوان سماج دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑا ہے۔ ہر آفسر و جوان ملک وقوم کی خاطر ہمہ وقت جان نثار کرنے کو تیار ہے۔ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کا مورال بلند ہے۔ واضع رہے کہ رات گئے تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں دو ہیڈکنسٹیبلز ایگل سکواڈ پر معمول کی گشت پر  تھے۔ مشکوک  افراد کو چیک کرنے کی غرض سے روکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس پر دونوں اہلکار موقع پر شہید ہوگئے۔  

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں