لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

ابوظبی (نیوز ڈیسک) سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پندرہویں میچ میں لاہور قلندرز نے جیمز فالکنر کی عمدہ باؤلنگ اور کپتان سہیل اختر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغان آلراؤنڈر راشد خان نے میچ کے آخری اوور میں 5 گیندوں پر 15 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو فتح دلا دی۔ انہیں 15 ناٹ آؤٹ رنز اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ لاہور قلندرز نے 144 رنز کا ہدف 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان اور اوپنر سہیل اختر 30 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے۔ تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ 29 اور بین ڈنک 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کو جیت کے لیے میچ کے آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے کہ افغان آلراؤنڈر راشد خان نے حسین طلعت کو اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر تین چوکے لگا کر میچ میں اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کردی، جسے ٹم ڈیوڈ نے آخری گیند پر ایک رن بناکر جیت میں بدل دیا۔ راشد خان 5 گیندوں پر 15 اور ٹم ڈیوڈ 15 گیندوں پر 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے 2 جبکہ شاداب خان ، فواد احمداور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایونٹ میں کل دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ دوسر ے میچ میں پشاور زلمی اورلاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں