راولپنڈی (نمائندہ نیوزٹویو) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی ڈویژن بنچ نے شہری کے گھر میں گھس کر ڈکیتی کے دورا ن برطانوی نژاد 5 سالہ پاکستانی بچے کواغواء کرکے سپین میں تاوان وصول کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل میں قید ملزم کو بری کرنے کی اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو دس سال قید کی سزا سنائی تھی، مدعی نے چوہدری بلال رضا ایڈووکیٹ کے ذریعے ملزم کی اپیل خارج کرنے کی استدعا کر رکھی تھی۔ فروری 2010 میں برطانیہ سے جہلم میں اپنے عزیزوں کے گھر آئی فیملی ائیر پورٹ کے لئے واپس روانہ ہو رہی تھی کہ چار مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بناتے ہوئے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر اشیاء چھین کر لے گئے جبکہ ملزمان جاتے ہوئے گاڑی اور برطانوی نژاد5 سالہ بچہ ساحر نقاش بھی لے گئے تاہم گاڑی ٹریکٹر کے باعث سرائے عالمگیر میں روک لی گئی جہاں پر ملزمان نے عمران حسین نامی ٹیکسی ڈرائیور کو ہائر کیا اور گاڑی چھوڑ کر بچے کو لے کر فرار ہو گئے۔ بعدازاں ملزمان کی جانب سے ایک لاکھ پاؤنڈ تاوان طلب کیا گیا جو برطانوی حکومت کی جانب سے سپین میں ملزمان کو پہنچایا گیا اور پاکستان میں بچے کو بازیاب کرایا گیا تاہم برطانوی حکومت کی جانب سے نوٹوں میں لگی چپ کے ذریعے سپین میں تین ملزمان گرفتار کئے گئے اور پاکستانی حکومت کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے اپیل کی گئی تاہم جہلم پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ بچے کی بازیابی کے دوران پولیس مقابلے میں تین ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں اور ایک ملزم عمران حسین کو گرفتار کر لیا گیا۔ ٹرائل کے دوران جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم عمران حسین کو دس سال قید کی سزا سنائی جس کے خلاف ملزم عمران حسین کی جانب سے اپیل کی گئی اس کا واردات میں کوئی کردار نہیں ہے وہ صرف ٹیکسی ڈرائیور تھا ملزم کو مقدمہ سے بری کیا جائے تاہم لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ملزم کی اپیل پر سماعت کی تو ساحر نقاش کے ماموں راجہ شاہد ظفر کی جانب سے چوہدری بلال رضا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ملزم ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان کا الزام ثابت ہونے پر قید کاٹ رہا ہے جبکہ ملزم سے چھینا گیا مال مسروقہ بھی برآمد ہوا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی اپیل خارج کی جائے۔ عدالت نے بلال رضا ایڈووکیٹ کی استدعا منظورکرتے ہوئے ملزم کی اپیل خارج کر دی۔
