وفاق اور صوبوں کی متفقہ طورپر10سالوں کے لیےقومی بجلی پالیسی کی منظوری

اسلام آباد(نمائندہ نیوزٹویو) وفاق اور صوبوں نے متفقہ طورپرآئندہ دس سال10 کے لیےبجلی کی نئی قومی پالیسی کی منظوری دے دی ہےسوموارکو وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں قومی بجلی پالیسی 2021ء کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو وقار مسعود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہرنے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے کہ سارے صوبوں نے نئی الیکٹرک سٹی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔ نئی پالیسی کی روشنی میں ذیلی شعبوں کے لیے 10 سے 12 پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی حماد اظہر نے کہا کہ نئی پالیسی پر تمام صوبوں کے ساتھ 100 سے زائد اجلاس ہوئے۔ نئی الیکٹرک سٹی پالیسی کے تحت شفاف انداز میں نئے توانائی منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔ نئی الیکٹرک سٹی پالیسی آئندہ 10 سال کے لیے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی پالیسی میں متعین کردہ اصولوں کی بنیاد پر نیا نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا جائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت قوم کو سستی اور ماحول دوست بجلی حاصل ہو سکے گی وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ یہ پالیسی 15 سال قبل نافذ ہوتی تو آج توانائی کے شعبے کومشکل میں نہ ڈالنا پڑتا۔ انہوں ںے کہا کہ متبادل توانائی کے حوالے سے اقدامات پرغورکر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جنریشن اورٹرانسمیشن اس پالیسی کاحصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مہنگے معاہدوں کی وجہ سے آج بجلی مہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن کا نظام فرسودہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی ترسیل اورپیداوارکو درست سمت میں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بجلی کے تقسیم کارنظام کو بہترکرنے کیلئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیوڈا کٹر وقار مسعود نے کہا کہ ہم نے ریٹیلرز پر نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ انہیں ٹیکس دائرے میں لانے کا اقدام کیا۔ بجٹ میں بعض ٹیکس استثنیٰ ختم کی گئیں اور کچھ ٹیکسز کی سطح میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ رواں سال 4700 ارب روپے جبکہ اگلے مالی سال 5300 ارب روپے کے ٹیکس جمع ہونے کی توقع ہے۔ آئندہ مالی سال وفاق صوبوں کو 700 ارب روپے اضافی فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ ہم نےاسمگلنگ کے خلاف بھی اقدامات کیے ہیں۔ اگلے سال 5300 ارب روپے ٹیکس حاصل کرلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں