انٹاریو (نیوز ٹو یو) کینیڈا کے صوبہ انٹاریو کے شہر لندن میں گذشتہ اتوار ایک المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی خاندان کے شہداء کو آہوں اور سسکیوں کے مابین دفنا دیا گیا۔اس سے قبل مرحومین کی لندن اسلامک سنٹر میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کینیڈا میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ،قونصل جنرل ٹورنٹو عبد الحمید اور سینکڑوں کی تعداد میں کینیڈین پاکستانیوں اور مقامی مسلمانوں نے شرکت کی۔

کینیڈا میں پاکستان ہائی کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے جنازہ میں شرکت سے قبل شہدا کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تعزیت کے پیغامات پہنچائے۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ٹیلی فون پر متاثرہ خاندان کے افراد سے بات کی اور ان سے اس اندوہناک سانحے پرتعزیت اور دلی رنج و الم کا اظہار کیا۔نماز جنازہ کی ادائیگی سے قبل حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے رضا بشیر تارڑ نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قوم کی جانب سے شہدا کے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کینیڈین حکومت اور عوام کی جانب سے اس حادثہ کے بعد متاثرہ خاندان اور کینیڈین پاکستانی بالعموم اور کینیڈا کی مسلمان کمیونٹی کے ساتھ بالخصوص کھڑا ہونے اور ہر قسم کے اسلامو فوبیا اور مسلمان دشمنی پر مبنی تحاریر و تقاریر کو کسی صورت برداشت نہ کرنے کے عزم کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں لندن سانحے میں شہید ہونے والے مرحومین اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کینیڈا کے مختلف شہروں میں اجتماعات اور دعا ئیہ تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔اس حوالے سے ایک تقریب قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو کے زیر اہتمام ٹورنٹو کی ایک مقامی مسجد میں ہوئی جس میں کرونا ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مرحومین کے لیے قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں قونصل جنرل آف ٹورنٹو عبد الحمید نے شرکت کی۔ مغربی کینیڈا کے شہرایڈمنٹن میں بھی مرحومین کے لیے دعا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع منعقد ہوا جس میں قونصل جنرل آف وینکوور جانباز خان نے شرکت کی۔مرحومین اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بڑا اجتماع مانٹریال شہر میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، حکومتی عمائدین،حکام اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب میں قونصل جنرل آف پاکستان مانٹریال اشتیاق احمد عاقل نے شرکت کی اور اپنی تقریر میں اسلامو فوبیا اور مسلم دشمنی پر مبنی انٹرنیٹ مواد کی اشاعت و ترویج کی روک تھام کے لیے وزیر اعظم پاکستان کی کوششوں کا ذکر کیا اوراقوام کے مابین بھائی چارے اور مفاہمت کی فضا کے فروغ کے لیے ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیا۔کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں بھی کینیڈا پاکستان ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مرحومین کے لیے دعا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع منعقد ہوا جس میں پاکستان ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ کی ہدایت پر قونصلر پریس نے شرکت کی۔