اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی پولیس کا اہلکار تھانے میں بند شہری کی گاڑی کو مبینہ طور پرعلاقہ غیر لے جاتے ہوئے گاڑی ٹریکٹر کمپنی کی جانب سے بند ہو جانے کی وجہ سے پھنس گیا ۔ آئی جی اسلام آباد کے حکم پر اے ایس آئی کو معطل کر کے ایس ڈی پی او کو انکوائری کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ تھانہ کورال میں محمد الیاس نامی پشاور کے رہائشی شہری کی گاڑی بدوں کاغذات کی بنائ پر بند کی گئی تھی ، شہری نے لیز پر بنک سے گاڑی حاصل کر رکھی ہے ۔ تھانہ کورال پولیس کے اہلکار عامر سومرو نے گاڑی کی نمبر پلیٹیں تبدیل کیں اور علی الصبح گاڑی لے کر علاقہ غیر کی جانب روانہ ہو گیا ۔ برہان کراس کرنے اور گاڑی حدود سے باہر ہونے کی وجہ سے ٹریکٹر کمپنی نے گاڑی کے مالک سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جو نہ ہونے پر کمپنی کی جانب سے گاڑی کا انجن بند کر دیا گیا ۔ شہری الیاس کی جانب سے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں گاڑی کی سپرداری کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی اور عدالت میں ہونے کی وجہ سے ٹریکٹر کمپنی سے رابطہ نہ ہو سکا بعدازاں ٹریکٹر کمپنی کے رابطہ کرنے پر الیاس کو معلوم ہوا کہ گاڑی اسلام آباد سے باہر جا چکی ہے جبکہ اس کی گاڑی تو تھانہ کورال میں بند ہے ۔ گاڑی کی رپورٹ کے لئے تھانہ گیا تو معلوم ہوا کہ عامر سومرو نامی پولیس اہلکار گاڑی لے کر گیا ہوا ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی تو آئی جی اسلام آباد کے حکم پر پولیس اہلکار کو معطل کر کے ایس ڈی پی او کو شفاف انکوائری کی ہدایت کی گئی ہے تاہم تحقیقات میں یہ بات واضح ہو گی کہ اے ایس آئی عامر سومرو گاڑی کس مقصد کے لئے لے کر گیا تھا ۔ گمان ظاہر کیا جا رہا کہ پولیس اہلکار گاڑی فروخت کرنے کے لئے جا رہا تھا ۔
