اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 3 سے 4 دن میں مویشی منڈی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ڈی جی آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن شفق ہاشمی کے مطابق اسلام آباد میں 3 مقامات میں مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی۔این سی او سی کی ہدایات کےمطابق منڈیاں شہرسےباہرلگائی جا رہی ہیں۔ یکم ذی الحج سے ترامڑی چوک، بہارہ کہو اور سنگجانی میں منڈیاں سج جائیں گی۔ منڈی میں 1400 سے 1700 جانور رکھنے کی اجازت ہےجب کہ منڈی آنے کیلئے وقت صبح 7 سے رات 7 بجے مقرر کیا گیا ہے۔داخلی راستوں پر ہر فرد کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔ سماجی فاصلہ رکھنا اور ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ تمام اسٹاف اور بیوپاریوں کی ویکسی نیشن بھی ضروری قرار دے گئی۔ منڈی میں ایمرجنسی سروسز مہیا کرنے کے ساتھ جانوروں کے ڈاکٹر کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ جانوروں کو چھو کر چیک کرنے پر پابندی ہوگی۔ انتظامیہ کو انٹری پوائنٹس پر ہینڈ سینیٹائزر، ماسک اور ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی سہولیات میسر کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ مویشی منڈی میں ڈس انفیکشن سپرے بھی باقاعدگی سے کرنا ہوگا۔
