ان تمام لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو خواتین پر تشدد کے معاملے پر خاموش ہیں، نادیہ حسین

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے گھریلو تشدد کے واقعات پر صارفین کی جانب سے پوچھے جانیوالے سوالات پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں خواتین پر بڑھتے تشدد اور قتل و غارت گری کے کئی واقعات رونما ہوئے جس کے بعد سوشل میڈیا پر شوبز انڈسٹری سے منسلک فنکاروں سمیت کئی دیگر صارفین نے بھی آواز اٹھائی۔ اسی ضمن میں نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور ان صارفین کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہیں صورتحال کا علم نہیں۔ نادیہ نے کہا کہ جہاں بھی عورتوں پر تشدد کی بات آتی ہے وہاں سب ایسے غافل بن جاتے ہیں کہ حیرت ہوتی ہے، میں گزشتہ 2 دنوں سے ظلم کا نشانہ بننے والی خواتین کو انصاف دلانے کیلئے پوسٹ شیئر کررہی ہوں جس پر مجھ سے سوالات پوچھے جارہے ہیں کہ یہ سب کیا ماجرا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جہاں خواتین یا سلیبریٹیز کے کپڑوں کی بات آتی ہے وہاں خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل جاتی ہے، طرح طرح کے کمنٹ کیے جاتے ہیں۔ مختلف بلاگز بنتے ہیں لیکن بات اگر خواتین پر تشدد کی ہو تو سب خاموش ہیں۔ نادیہ نے کیپشن میں لکھا کہ ان تمام لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو خواتین پر تشدد کے معاملے پر خاموش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں