بھارتی وزیرخارجہ کا بیان،بھارت کےحقیقی عزائم اور چہرہ بےنقاب،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (نیوزٹویو) پا کستان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے فیٹف سے متعلق اعترافی  بیان نے نہ صرف بھارت کے حقیقی عزائم اور چہرے کو بے نقاب کردیا ہے بلکہ فیٹف میں بھارت کے منفی کردار کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ موقف کی بھی تصدیق ہوگئی ہے ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزیر خارجہ کے 18 جولائی 2021 کو فاٹف کی گرے لسٹ میں پاکستان کو رکھنے میں بھارت کے ناپسندیدہ کردار سے متعلق بیان پر میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ ۔بھارت کی جانب سے فاٹف کو سیاست زدہ کرنے اوراس ادارے کے عمل کو مجروح کرنے کے بارے میں پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری کوواشگاف انداز میں آگاہ رکھا ہے۔ تازہ اعترافی بیان ایک اہم تکنیکی فورم کو پاکستان کے خلاف اپنے تنگ نظر سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی مسلسل بھارتی کوششوں کی ایک اور تائید وتوثیق ہے۔ پاکستان فاٹف کے ساتھ تعمیری انداز میں شریک کار اور ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے مخلصانہ کوششیں کررہا ہے جبکہ بھارت شرمناک اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی پیش رفت کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے۔ ماضی میں بھی پاکستان عالمی برادری کے سامنے بھارت کے دوغلے و منفقانہ کردار کو بے نقاب کرتا رہا ہے اور ہم تازہ ترین بھارتی اعترافی بیان کو فاٹف اور عالمی برادری کے نوٹس میں لاتے ہیں۔پاکستان اس معاملے میں مناسب کارروائی کے لئے فاٹف کے صدر سے رجوع کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔ بھارتی حکومت کے حالیہ اعتراف کے بعدگروپ کے شریک چئیرمین کے طورپر بھارت کے فاٹف میں پاکستان یا کسی بھی اور ملک کے جائزہ لینے کی ساکھ پر سوالات پیداہوتے ہیں اور ہم فاٹف پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس معاملے پر غور کرے۔پاکستان کی’اینٹی منی لانڈرنگ/ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے انسداد( اے۔ایم۔ایل/ سی ۔ایف ۔ٹی ) کے معاملے میں بے پناہ پیش رفت ٹھوس، واضح اور تصدیق شدہ اقدامات کو ظاہر کرتی ہے جن کا فاٹف نے برملا اعتراف کیا ہے۔ ہم اپنے عالمی شراکت داروں کی مدد اور تعاون سے اس رفتار کو جاری رکھیں گے ۔ پاکستان پر دباو ڈالنے کا بھارتی زعم نہ کبھی پہلے پورا ہوا اورنہ ہی آئندہ کبھی پورا ہوگا۔فاٹف عمل کو سیاست زدہ کرنے سمیت توجہ ہٹانے کی بعض کی کوششوں کے باوجود پاکستان اپنی بہتری کے مفاد اور عالمی ذمہ داریوں ووعدوں کی تکمیل کے لئے اپنے ’اے۔ ایم۔ ایل/ سی۔ ایف۔ ٹی‘ سسٹمز کو عالمی معیارات کی سطح پر لانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں