بیٹوں نے جائیداد ہتھیانے کیلئے باپ کو اغوا کر لیا

لاہور (نیوز ڈیسک) رائیونڈ میں ڈولفن پولیس نے بیٹوں کے ہاتھوں اغوا کیے جانے والے باپ کو بازیاب کرلیا۔ ڈولفن اسکواڈ کے ترجمان کے مطابق جاوید، جنید اور سجاد نے دو ساتھیوں کے ہمراہ اپنے باپ فریاد کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اسے اغوا کیا اور قریبی مکان میں لے گئے۔ ہمسائے نے 15 پر کال کی تو ڈولفن اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مغوی کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے اور وہ چیخ و پکار کر رہا تھا۔ بیٹوں نے جائیداد ہتھیانے کیلئے باپ پر تشدد بھی کیا۔ ملزمان اپنے باپ سے جائیداد کے کاغذات پر دستخط کروا رہے تھے۔ ترجمان کےمطابق ڈولفن اسکواڈ نے ملزمان کو مقامی تھانے کے حوالے کردیا جب کہ تین بیٹوں سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں