حادثات کی تیاری اوران کی مشقوں کا نتھیا گلی میں ا نعقاد

اسلام آباد(نیوزٹو یو)پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کی کارکردگی اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایڈوائزری گروپ کی طے شدہ گائیڈ لائنز کے مطابق حادثات کی تیاری مشقوں کا انعقادسکاؤٹ کلب گھوڑا گلی راولپنڈی میں کیا گیاجس کی سربراہی ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹررضوان نصیر نے کی۔ڈی جی ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ اس سرگرمی کا مقصداضلاع کی کمانڈ کو اقوام متحدہ کی سرچ اینڈ ریسکیو گائیڈ لائنز کے مطابق تیار کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اضلاع میں لائٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بین الاقوامی گائیڈ لائنز کے مطابق تشکیل دے سکیں۔اس ایکسرسائز میں تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کے علاوہ ریجنل ایمرجنسی افسران ریسکیو ہیڈکواٹرز واکیڈمی کے سینئر افسران بھی شریک تھےمزید برآں ڈی جی ایمرجنسی سروسز نے تمام اضلاع کے آپریشنز اور مینجمنٹ کے حوالے سے بہترین مثالوں کوشیئر کرنے کا موقع دیتے ہوئے بہترین کارکردگی کے حامل ضلعی ایمرجنسی افسران کو سراہا۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل سرچ اینڈریسکیو ایڈوائزری گروپ  سے سرٹیفائیڈ جنوبی ایشیاکی پہلی ریسکیو ٹیم کے ٹیم لیڈر ڈاکٹرمحمد فرحان خالد، ڈپٹی ٹیم لیڈر محمد احسن،افسر تعلقات عامہ مس دیبا شہناز،سکاٹ لیڈر حمزہ علی اور ایکسرسائز کنٹرولر ایازاسلم نے شرکاء کو بین الاقوامی گائیڈلائنز کی تربیت پریزینٹیشنز اور عملی مشقوں کے ذریعے سے دی۔ضلعی ایمرجنسی افسران کو لائٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں کسی بڑے حادثے پر بھیجنے کا طریقہ کار، جس میں استقبال و روانگی،آپریشن نظم وضبط سے انجام دینے کیلئے نقشہ سازی کے مطابق جی پی ایس کا استعمال، ایمرجنسی سائٹ کی درجہ بندی اورسرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز شامل ہیں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹررضوان نصیر نے ڈیبریفنگ کے موقع پر تمام اضلاع کی کی لائٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے قیام،استعداد کار میں اضافے اور بڑے سانحہ وحادثہ کی صورت میں منظم اور باہمی ربط کے ساتھ رسپانس کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کو رسپانس کرنے کیلئے مشکل ترین حالات کی تیاری کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔انہوں نے تمام ریجنل ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کو تسلیم کریں سراہیں اور انکے بہترین طریقہ ہائے کار کے بارے میں ڈویژن کے دوسرے اضلاع کو بھی آگاہ کریں تاکہ تمام شہریوں کو بروقت،یکساں اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے باقی اضلاع کو ایک ہی سطح پر لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جب تمام اضلاع میں ایک جیسے وسائل مہیا کئے گئے ہیں توپھر ضلع کی سطح پر معیاری خدمات کی فراہمی میں فرق نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر افسران کی طرف سے باقاعدہ ایمرجنسی مشقوں کے انعقاد،ایمرجنسی گاڑیوں بروقت مرمت و بحالی،کنٹرول روم کے مؤثرکام یقینی بناکر تمام اضلاع میں سروس کے یکساں معیار کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں