حکومت تاجر برادری کے مسائل کم کرنے کی کوشش کرے۔ صدرآئی سی سی آئی سرداریاسرالیاس


اسلام آبا د(نیوزٹویو)ٹریڈرز ویلفئیر ایسوسی ایشن آبپارہ کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے بطور چیف گیسٹ حلف لیا۔ تقریب میں آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید سمیت سابق صدور آئی سی سی آئی اور اسلام آباد بھر کی مارکیٹوں کے عہدے داران اور آبپارہ مارکیٹ کے تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سات سال بعد الیکشن کے انعقاد کے بعد دکاندار پر جوش تھے جبکہ اجمل بلوچ آٹھویں مرتبہ صدر منتخب ہوئے۔ نو منتخب صدر اجمل بلوچ، اختر حسین عباسی جنرل سیکریٹری، اصغر علی بٹ چیئرمین، مصعب علی خان وائس چیئرمین، شفیق عباسی سینئر نائب صدر، محمد عباس نائب صدر، چوہدری محمد صدیق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، سردار شوکت محمود سیکرٹری فنانس، چوہدری طارق جوائنٹ سیکرٹری، ابو بکر عابد سیکرٹری اطلاعات، نائب صدر ساجد عباسی، شاہد یوسف، عمر بشیر، محمد رضوان، آغا رحیم، ندیم ڈوگر، صغیر احمد، زاہد محمود خان عمر آفتاب، محمد اکرم غوری اور بابر قریشی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ تاجر برادری کی بلاتفریق خدمت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں تاجر کورونا کی وجہ سے سخت پریشان تھے جبکہ آئی سی سی آئی نے ان کی آواز بلند کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ اسلام آباد پاکستان کا واحد شہر ہے جس میں ہفتہ وار چھٹی مارکیٹ کی مرضی سے ہوتی ہے۔ ویکسین لگوانے کا سلسلہ بھی آئی سی سی آئی نے شروع کر رکھا ہے تقریبا تمام مارکیٹوں میں ویکسین بھجوائی گئی ہے تاجر ویکسین لگوائیں اور اپنا کاروبار کھلوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا جب کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال ایک ہزار ارب روپے کا زائد ٹیکس ٹارگٹ رکھا گیا ہے ایک ہزار ارب روپے کہاں سے آئیں گے، ظاہر ہے تاجر برادری کو ہی نچوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ملک میں مہنگائی کے طوفان میں اضافہ ہوگا ہم نے فکسڈ ٹیکس اور انکم ٹیکس خود تشخیصی نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ امید ہے حکومت ہمدردانہ غور کرے گی۔
نومنتخب صدر آبپارہ اجمل بلوچ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں تاجر نمائندوں اور آئی سی سی آئی کے سینئر اراکین کی شرکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبپارہ کے تاجروں کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کا بھی ہمیں مینڈیٹ حاصل ہوا ہے۔ تمام شرکاء کا شکرگزار ہوں اور یقین دہانی کرواتا ہوں کے کورونا سے متاثرہ تاجروں کی بلاتفریق خدمت جاری رکھوں گا۔ بجٹ میں تاجروں کی گرفتاری کی شق شامل کی گئی ہے لیکن وزیر خزانہ شوکت ترین کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر ایک بھی تاجر کو گرفتار کیا گیا تو ایسا احتجاج کریں گے کہ حکومت یاد رکھے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کا قانون کرایہ داری کا بل اسمبلی سے پاس کروایا اور انشاءاللہ سینیٹ سے بھی پاس ہو جائے گا اس پر وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری شکرگزار ہے اور پی ٹی آئی کے مقامی عہدے دران ندیم چوہدری اور دیگر کے بھی شکرگزار ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ قانون کرایہ داری کے نفاذ سے کرایہ دار تاجروں کو ریلیف ملے گا اور اسلام آباد میں جبری بے دخلیوں کا سلسلہ بند ہو جائے گا اس قانون میں آئی سی سی آئی کا مستقل کردار شامل ہے۔ انہوں نے جمیعت القریش پاکستان کے صدر خورشید قریشی کو آبپارہ کے الیکشن میں کردار ادا کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کے بعد مارکیٹ میں کوئی گروپ نہیں بلکہ ایک منتخب یونین ہی ہوگی۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور فاونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اس موقع پر شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ تاجر برادری کے مسائل حل کروائیں گے جبکہ آئی سی سی آئی کا مکمل تعاون بھی حاصل ہوگا، ٹیکس سمیت بے شمار مسائل حل طلب ہیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران پنجاب اور راولپنڈی کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ، پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے صدر تاج عباسی، اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر شیخ طارق صادق، چوہدری ندیم، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے سیکریٹری اور آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، جمعیت القریش کے صدرخورشید قریشی، آئی سی سی آئی کے سابق صدور خالد جاوید، ناصر خان، باصر داؤد، محمد اعجاز عباسی، احمد حسن مغل، طاہر عباسی، سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان، اشفاق چٹھہ، شہزاد عباسی، عبدالرحمن صدیقی، عرفان چوہدری، محبوب خان، احمدخان، اظہر حمید، سید الطاف حسین شاہ، چوہدری ریاست، اختر عباسی، ارشد عباسی، شفیق عباسی، نوید عباسی، ملک زبیر، فرحان خان، چوہدری طاہر محمود، ساجد بٹ، عابد عباسی اور دیگر لاتعداد تاجر رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں