خواتین کو ان کے لباس کے انتخاب کے ذریعے پرکھنا بند کریں، شرمیلا فاروقی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی بھی ہم اسٹائل ایوارڈ میں اداکاراؤں کے لباس پر ہونے والی تنقید کے بعد ان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔ انسٹاگرام پر شرمیلا فاروقی نےاداکار بلال قریشی کا انسٹاگرام اسٹوری پیغام شیئر کرتے ہوئے کیپشن درج کیا۔ بلال قریشی نے اپنی اسٹوری میں خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ آپ سب خوبصورت اور باصلاحیت ہیں، مجھ پر بھروسہ کریں، ایوارڈ شو میں شاندار نظر آنے کیلئے آپ لوگوں کو ایسے لباس پہننے کی ضرورت نہیں جو جسم ظاہر کریں۔ شرمیلا فاروقی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ خواتین کو ان کے لباس کے انتخاب کے ذریعے پرکھنا بند کریں۔ وہ ذی شعور ہیں، آزاد ہیں اور کسی کو بھی ان کے لباس کے انتخاب پر منفی تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔ پی پی رہنما نے مزید لکھا کہ یہ ایک آزاد دنیا ہے جیو اور جینے دو۔ بشریٰ انصاری کو اپنے دل کی خواہش پر رقص کرنے دو  وہ ایسا کیوں نہ کریں ؟ انہیں ایسا کرنے کا پورا حق ہے۔ منفیت پھیلانے والوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ آپ اپنی مایوسیوں کو دیکھیں  اور ان کا حل نکالیے۔ خیال رہے کہ پاکستان کے معروف اداکاروں سمیت مداحوں نے حال ہی میں اسٹائل ایوارڈز کی تقریب سے اداکاراؤں کی وائرل ہونے والی تصاویر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں