دلیپ کمار کے انتقال پر بالی وڈ اداکاروں سمیت بھارتی سیاسی قیادت کا اظہار افسوس

برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر بالی وڈ اداکاروں سمیت بھارتی سیاسی قیادت نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے دلیپ کمار کو ملکی ثقافت کا سب سے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ نریندر مودی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اداکار کو ہمیشہ سنیما کی یاد کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہیں اپنے کام اور مقام کے باعث منفرد مقام حاصل تھا اور انہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے۔ بھارتی صدر رام ناتھ نے کہا دلیپ صاحب بھارت کی تاریخ اپنے اندر سموئےہوئےتھے، دلیپ کمار بھارتی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اداکار کے انتقال پر فیملی اور دوستوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے لکھا کہ سنیما میں ان کی غیر معمولی شراکت آئندہ نسلوں کیلئے یادگار ثابت ہوگا۔ معروف اداکارہ روینا ٹنڈن نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ خلا کبھی نہیں بھر سکے گا۔ ایک مہربان شخص کا دور اختتام پذیر ہوا۔اجے دیوگن نے دلیپ کمار کے ہمراہ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ان کے ساتھ بہت سے ذاتی نوعیت اور  اسٹیج کے لمحات گزارے، پھر بھی میں اب تک ان کے انتقال کا سننے کیلئے تیار نہیں تھا۔ بالی وڈ کے بِگ بی امیتابھ بچن نے کہا کہ آج لیجنڈ دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا، جب بھی بھارتی سنیما کی تاریخ لکھی جائے گی وہ دلیپ کمار سے شروع اور ان کے بعد ہوگی۔ امیتابھ بچن نے دلیپ کمار کے اہلخانہ کے لیے صبرو جمیل کی بھی دعا کی۔ بھارتی گلوکار ارمان ملک نے بھی اداکار کے انتقال کو ایک دور کا اختتام قرار دیا۔ سپر اسٹار اکشے کمار نے دلیپ کمار کے انتقال پر کہا کہ شاید دنیا کیلئے دیگر ہیرو ہوں گے لیکن ہم اداکاروں کے ہیرو دلیپ کمار تھے، وہ اپنے ہمراہ بھارتی سنیما کا پورا دور لے گئے ہیں۔ اداکار سنیل شیٹی نے لکھا کہ آج کا دن بھارتی سنیما کے اختتام کا دِن ہے کیونکہ ہم بھارت کے سب سے چمکتے ستارے سے محروم ہوگئے ہیں، دلیپ صاحب آپ ہمیشہ ہمارے دِلوں میں زندہ رہیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں