شہروز کے ٹو سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرلی جس کے بعد وہ کے ٹو سر کرنے والے بھی سب سے کم عمر پاکستانی کوہ پیما بن گئے ہیں۔ شہروز کے والد سلمان کاشف نے کہا کہ شہروز نے آج صبح  8 بج کر 10 منٹ پر کے ٹو سر کی اور ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ شہروز کاشف کے والد کا کہنا تھا کہ شہروز نے 2 ماہ قبل دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی اور آج شہروز کے ٹو سر کرنے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔ سلمان کاشف نے بتایا کہ شہروز 11 سال کی عمر سے پہاڑوں کو سر کرنے کا شوق رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بطور والدین  اب ہم عادی ہوگئے ہیں۔ والد کے مطابق شہروز کو پہاڑوں پر جانے کا شوق ان کے ساتھ گئے آفس ٹرپ کے دوران ہوا اور اسی دوران شہروز نے پہلی بار کسی پہاڑ پر جانے کی خواہش کی جسے گائیڈ کے ساتھ کر بھیج کر پورا کیا۔ والد کا کہنا ہے کہ شہروز نے ایک سال میں دو مختلف اور دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرکے ایک منفرد ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں