وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پیمرا کی ملا قات,سالا نہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

اسلام آباد(نیوزٹویو) چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) محمد سلیم بیگ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ لاہور میں ملاقات کی اور پیمرا کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اس ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پیمرا کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ رائے عامہ ہموار کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، دورِ جدید میں میڈیا کی اہمیت اور ذمہ داری پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ الیکٹرانک میڈیا نے بہت جلد ترقی کی منازل طے کی ہیں اور قومی تعمیر و ترقی کیلئے میڈیا کا کردار اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ اس ملاقات میں پنجاب حکومت کی جانب سے اپنا ٹی وی چینل شروع کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پیمرا کی سالانہ کارگردگی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی اشاعت سے تمام اسٹیک ہولڈرز اور حکومتی اداروںکو پیمرا کی جانب سے کئے گئے ریگولیٹری اقدامات اور ان کے معیشت پر اثرات کا بھی موثر انداز میں پتہ چل سکے گا۔اس ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ثمن رائے، ریجنل جنرل منیجرپیمرا لاہور ریجن محمد اکرام برکت اورہیڈ لیگل پیمرا طاہر فاروق تارڑ بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں