وفاقی وزیر الیکشن کمیشن کے حکم کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، شیری رحمٰن

اسلام آباد (نیوز ڈٰیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر الیکشن کمیشن کے حکم کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن کی توہین کی۔ اسلام آباد سے جاری کیئے گئے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ مذکورہ وفاقی وزیر آزاد کشمیر سے نکل جانے کے حکم کے باوجود جلسوں میں شرکت کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرِ امورِ کشمیر نے الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی توہین کی۔ الیکشن کمیشن کے حکم کے بعد ان کو کشمیر سے نکل جانا چاہیئے تھا۔ شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود وزیر کی جلسوں میں شرکت الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر وزیرِاعظم عمران خان خاموش رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے خط کا جواب تک نہیں دیا۔ کیا یہ ہے نئے پاکستان میں الیکشن کا معیار؟ پی پی پی کی سینیٹر شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا ہےکہ کشمیر الیکشن وفاقی حکومت کیلئے عام انتخابات کا ٹیسٹ کیس ہوگا۔ وفاقی حکومت کشمیر کے انتخابات کو متنازع بنا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں