پاکستان اور متحدہ عرب امارات کسٹمزاوران لینڈٹیکسزمیں باہمی تعلقات میں تعاون کے فروغ پر رضامند

اسلام آباد (نیوزٹویو)پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات  کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے چئیرمین ایف بی آر عاصم احمد سے ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان  کسٹمز  اور دیگر ان لینڈ ٹیکسز کے شعبہ میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کسٹمز اوردیگر ان لینڈ ٹیکسز سے متعلق باہمی تعلقات پر تعاون کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے اور دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے  ایک دوسرے کے بہترین تجربات کو اپنائیں گےاور اشتراک کو وسعت دیں گے جس کے باعث دو طرفہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ چئیرمین ایف بی آر نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو ایف بی آر کی طرف سے ریونیو  میں اضافہ اور  ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات  کے بارے میں آگاہ کیا۔  متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ایف بی آرکی سال 2020-21 میں بہترین کارکردگی دکھانے  پر چئیرمین ایف بی آر کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ایف بی آر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سال 2021-22 کا مقر ر کردہ ہدف بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں