تین سال میں سلیکٹیڈ حکومت نے مہنگائی و بے روزگاری کا تحفہ دیا ہے، رانا مشہود

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ اگر ہم پنجاب حکومت گرانا چاہیں تو 48 گھنٹے میں گرا سکتے ہیں، مگر ہم دوبارہ انتخابات چاہتے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے اظہار ناراضگی ضرور کیا ہے، مفتاح اسماعیل پارٹی کا حصہ و اثاثہ ہیں۔ مفتاح اسماعیل سمیت کسی پارٹی رہنما نے استعفیٰ نہیں دیا۔ رانا مشہود نے کہا کہ  تین سال میں سلیکٹیڈ حکومت نے مہنگائی و بے روزگاری کا تحفہ دیا ہے۔ قرضے نا لینے کا اعلان کرنے والا قرضے لے رہا ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ملک پر ایسے لوگ مسلط ہیں جن کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کو اہمیت نہیں مل رہی، تین سال میں حکومت نے نیب نیازی گٹھ جوڑ اور مخالفین کو جیل  میں ڈالنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ رانا مشہود نے کہا کہ ملک پر ایسی حکومت مسلط ہے جو عوام کی فلاح کا نہیں سوچتی، حکومت کی نالائقی کو بے نقاب کرنے کے لیے پی ڈی ایم بنائی گئی، 28 اگست کو پی ڈی ایم کا اجلاس اور 29اگست کو جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کل شہباز شریف کا کراچی میں شاندار استقبال کیا جائے گا۔ شہباز شریف کے کراچی دورے کا فوکس پی ڈی ایم ہے۔ رانا مشہود نے کہا کہ پارٹی دفتر مقدس ہوتا ہے۔ پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کمیٹی بنادی گئی ہے۔ پارٹی متحد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں