عمران خان پانی کے ذخائر اور سستی پن بجلی بنانے کے منصوبوں پر کاربند ہیں، فرخ حبیب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت پاکستان میں واحد لیڈر ہیں جو آنے والی نسلوں کے لئے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات، پانی کے ذخائر اور سستی پن بجلی بنانے کے منصوبوں پر کاربند ہیں۔ تاریخ گواہ ہے 1967 کے بعد پاکستان میں بڑا ڈیم نہیں بن سکا تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبہ807ملین ڈالر کی لاگت کا یہ منصوبہ 2024میں مکمل ہوگا۔ اس منصوبے کی بدولت تربیلا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ماضی میں آبی ذخائر پر اس طرح کام نہیں ہوا، وزیراعظم عمران خان، ملک میں آبی ذخائر کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم،دہاسو ہائیڈور پاور،مہمند ڈیم ، ہرپور پاور پراجیکٹ،کچی کینال،سندھ بیراج ،کے فور واٹر سپلائی پراجیکٹ،کرم تنگی ڈیم ،سندھ بیراج اور نئی گنج ڈیم پراجیکٹ کام تیزی سے جاری ہے۔ آبی ذخائر کے یہ 10منصوبے مکمل ہونے سے ملک میں ایک کروڑ 28لاکھ 90ایکٹر فٹ پانی ذخائرہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے سستی پن بجلی کی پیداوار میں 9043میگا واٹ اضافہ، 35ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کے لئے تمام وفاقی اکائیوں کے کسان ایک برابر ہیں۔ وہ سب کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں