قتل ہونےکے ڈر سے افغان ائیرفورس کے متعدد پائلٹس نے نوکریاں چھوڑ دیں

افغانستان (نیوز ڈیسک) افغانستان میں قتل ہونےکے ڈر سے ائیرفورس کے متعدد پائلٹس نے نوکریاں چھوڑ دیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل ہونے کے ڈرسے افغانستان میں پائلٹس افغان ائیرفورس کی نوکریاں چھوڑ کر جارہے ہیں۔ نام نہ بتانے کی شرط پر ایک افغان پائلٹ نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے ایسے 19 ساتھیوں کو جانتے ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں ائیرفورس کو چھوڑا کیونکہ افغان حکومت ان کی زندگی کے تحفظ کی یقین دہانی نہیں کراسکی۔ پائلٹ نے کہا کہ وہ بھی نوکری چھوڑنے پر غور کررہا ہے۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف واقعات میں افغانستان میں 8 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہفتے کو کابل میں ایک کار بم دھماکے میں بلیک ہاک کے پائلٹ حمید اللہ عزیمی کو ہلاک کیا گیا تھا۔ دھماکے میں دیگر پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔ دوسری جانب افغانستان میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور 11 صوبوں میں افغان فورسز کے 24گھنٹوں کے آپریشن میں 361 طالبان جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ افغان وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ افغان فورسزنے 24 گھنٹوں میں ننگرہار، کنڑ، لوگرسمیت 11 صوبوں میں آپریشن کیے۔ گورنر بغلان نے کہا ہے کہ دارالحکومت پُل خمری میں طالبان کےحملے پسپا کردیے گئے ہیں اور طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے جب کہ طالبان نے پل خمری شہرکےڈسٹرکٹ 2 میں پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں