اسلام آباد ( ملک نجیب ) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے 14 علماء کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اسلام آباد کے مقامی 12 علماء کو اجتماعات سے خطابات سے روک دیا گیا ہے پابندی کا اطلاق دو ماہ تک نافذ العمل ہو گا ۔ سپیشل برانچ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو رپورٹ بھجوائی گئی تھی جس کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے علماء پر پابندی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا یے کہ اے آئی جی سپیشل برانچ کی جانب سے ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ بعض علماء دہشتگردوں کا ٹارگٹ ہیں اور ان علماء کا اسلام آباد میں داخلہ نقص امن عامہ کا سبب ہو سکتا ہے اس رپورٹ کی روشنی میں دو ماہ کے لئے جن علماء پر اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں دیوبند مسلک سے تعلق رکھنے والے علامہ حافط محمد صدیق، واہ کینٹ،علامہ طاہر اشرف لاہور،مولانا محمد الیاس گھمن، سرگودھا ، علامہ عبدالخالق رحمانی، کبیروالا، پنجاب شامل ہیں جبکہ بریلوی مسلک سے تعلق رکھنے والے مولانا محمد یوسف رضوی عرف ٹوکا، سرگودھا،پیر عرفان مشہدی، لاہور،علامہ حنیف قریشی ، آمنہ مسجد کری، راولپنڈی،علامہ محمد آصف اشرف جلالی، لاھور شامل ہیں علاوہ ازیں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے علماءذاکر آصف رضا علوی،حافظ تصدق حسین، لاہور،علامہ سخاوت حسین کاظمی، لاہور ، علامہ محمد اقبال، چیچہ وطنی ، علامہ غضنفر تونسوی ، بہاولپور اور علامہ جعفر جتوئی ، لاہور شامل ہیں ۔ ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا یے کہ سپیشل برانچ کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں موجود بعض علماء اشتعال انگیز تقاریر کرتے ہیں جن کی وجہ اجتماعات میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی کے باعث امن عامہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ ان علماء کی وجہ سے انسانی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہیں سپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں جن علماء پر محافل اور اجتماعات میں خطابات پر دو ماہ کے لئے پابندی عائد کی گئی ہے ان میں دیوبندی مسلک سے تعلق رکھنے والے مولانا عبدالعزیز، مولانا عبدالرزاق حیدری، مولانا عبدالرحمان معاویہ اور مولانا مسعود الرحمان عثمانی شامل ہیں جبکہ بریلوی مسلک سے تعلق رکھنے والے مولانا محمد امتیاز حسین کاظمی، رضوان صیدی اور قاری وسیم عباسی شامل ہیں علاوہ ازیں اہل حدیث سے تعلق رکھنے والے علامہ محمد یونس قریشی اور شیعہ علما میں علامہ شیخ محسن علی نجفی ، آغا شفا نجفی ، علامہ محمد امین شہیدی اور علامہ بشارت امامی شامل ہیں ۔ ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن تمام متعلقہ اداروں کو بھجوا دیا گیا یے جبکہ اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں مذکورہ بالا علماء کی جانب سے خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
